سلام آباد: احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کے سلسلے میں 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
بشریٰ بی بی عمران خان کے ہمراہ احتساب عدالت راولپنڈی پہنچیں جہاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواست ضمانت کی سماعت کی
بشریٰ بی بی کی کمرہ عدالت میں حاضری لگائی گئی، وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کوکوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔
احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت 5 لاکھ روپےکے مچلکوں کے عوض منظور کی۔
احتساب عدالت نے تفتشی افسر کو نوٹس جاری کردیے، احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی 31 مئی تک ضمانت منظور کی ہے۔
احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کو مچلکے جمع کرانےکے لیے دستخط کرنےکی ہدایت کی۔
خیال رہےکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیب میں 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں۔
گزشتہ دنوں نیب نے عمران خان کو اسی کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات و مقامات پر حملے ہوئے تھے تاہم سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
آج عمران خان اور بشریٰ بی بی جوڈیشل کمپلیکس کے بعد نیب راولپنڈی آفس جائیں گے، عمران خان نے آج اپنی گرفتاری کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ذائع کے مطابق نیب نے آج سابق وزیر اعظم عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا نوٹس بھیجا ہے تاہم بشریٰ بی بی کو آج پیش ہونےکے لیے نوٹس نہیں دیا گیا۔
نیب دفتر کے باہر سکیورٹی سخت
سابق وزیراعظم عمران خان کی نیب راولپنڈی میں پیشی کے موقع پر نیب کے دفتر کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
نیب کے باہر پولیس، رینجرز، ایف سی اور ایلیٹ سمیت لیڈیز پولیس بھی تعینات کی گئی۔
میلوڈی میں نیب کے دفتر سے ملحقہ راستوں کو پولیس نے سیل کردیا گیا ہے، خاردار تار اوربلاکس لگا کر میلوڈی سےلال مسجد تک مرکزی شاہراہ، ملحقہ گلیاں اورسڑکیں بھی سیل ہیں جب کہ سکیورٹی کے پیش نظر غیر متعلقہ افراد کا نیب دفتر کے اطراف داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ۔
راولپنڈی میں نیب دفتر کے باہر بکتر اور قیدی وین بھی پہنچا دی گئی۔