لاہور کی جدید آبادی میں واقع کروڑوں روپے سے تیار کیا جانے والا جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم تباہی کا شکار ہو رہا ہے ۔
جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کی بجلی کی بندش اورٹوٹ پھوٹ کا معاملہ اب شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم کی بجلی 8 ماہ سے کٹی ہو ئی ہےکھلاڑی انجری کا شکار ہو کر کھیل سے دور ہو رہے ہیں۔
اسٹیڈیم کی ایڈ منسٹڑیشن کمیٹی کو ایل ڈی اے نے ڈی نوٹیفائی کیا ہوا ہے، ایڈمنسٹریشن کمیٹی سابق کپتان اختر رسول چوہدری کی سربراہی میں کام کر رہی تھی۔
ایڈ منسٹریشن کمیٹی کے غیر فعال ہونے سے اسٹیڈیم کا کوئی پرسان حال نہ رہا اور اب انٹر نیشنل اور مقامی کلبزکے کھلاڑی پائپ کے ذریعے گراؤنڈ میں پانی لگانے پر مجبور ہیں، تپتی دوپہر میں کھلاڑیوں کے لیے پانی لگانا مشکل ہوتا ہے اور یہ ناکافی ہوتا ہے ۔
انٹر نیشنل ہاکی پلئیر اظفر یعقوب نے جیو نیوز کو بتایا کہ آسٹروٹرف تباہ ہو رہی ہے ، اسے پانی کی ضرورت ہے ، اس کے لیے موٹر درکار ہے تاکہ 15 منٹ کے اندر اسٹروٹروف کو تر کیاجا سکے لیکن بجلی کی بندش کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہے، پانی نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑی انجری کا شکار ہو رہے ہیں ، ٹرف پر پانی بہت ضروری ہوتا ہے،کھلاڑی تو انجرڈ ہوں گے ٹرف بھی برباد ہو رہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ جدید ہاسٹل تباہ ہو چکا ہے ،کمرے اب بھوت بنگلہ بنتے جا رہے ہیں جبکہ اسٹیڈیم کی کرسیاں ٹوٹ رہی ہے اور جنگلوں کو زنگ لگ چکا ہے۔
اظفر یعقوب نے کہا کہ ایل ڈی اے کو روزانہ درخواست کرتے ہیں کہ واجبات ادا کرا دیں،مستقبل میں اپنی مدد آپ کے تحت اسٹیڈیم چلانے کے لیے تیار ہیں ، اسٹیڈیم کے واحد ملازم کو ایک سال سے تنخواہ بھی نہیں ملی ۔
واضح رہے کہ جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم کا افتتاح نومبر 2012 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کیا تھا۔