پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان انجری کا شکار ہو گئے۔
شاداب خان انگلینڈمیں ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں سسیکس کی جانب سے ڈیبیو میچ میں انجری کا شکار ہوئے۔
سمرسیٹ کے خلاف میچ میں ایک کیچ پکڑنے کی کوشش میں شاداب کی ساتھی فیلڈر ناتھن میک اینڈریو کے ساتھ شدید ٹکر ہو گئی، دونوں فیلڈرز نے ٹام کوہلر کیڈمور کا اونچا کیچ پکڑنے کی کوشش کی تھی۔
فیلڈرز کے ٹکرانے کی وجہ سے میچ 10 منٹ رکا رہا، سسیکس کے میڈیکل اسٹاف نے گراؤنڈ میں طبی امداد دے کر کھلاڑیوں کو کھڑا کیا۔
کنکشن پروٹوکولز مکمل کرنے کے بعد نیتھن میک اینڈریو نے اپنے چار اوورز مکمل کیے جبکہ شاداب خان پروٹوکول کی وجہ سے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔
سسیکس کے ہیڈ کوچ پال فبریس کے مطابق شاداب خان کی مانیٹرنگ جاری ہے، وہ بہتر ہیں،صرف ان کی گردن میں تکلیف ہے