مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا ہےکہ عمران خان کرکٹ سے اب دہشت گردوں کا کپتان بن چکا ہے۔
شیخوپورہ میں یوم تکبیر پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جاوید لطیف نےکہا کہ ملک میں ایٹم بم کی بنیاد رکھنے والے ذوالفقار بھٹوکوپھانسی دی گئی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے نواز شریف کو ہائی جیکر بنا کر جلاوطن کیا گیا، سی پیک لانےکو وقت کے منصفوں نے نااہل کردیا۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ آڈیو لیکس کمیشن کو کام سے روکنا افسوس ناک عمل ہے، وقت کے منصفوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے، بدقسمتی سے جن کے خلاف الزام ہے وہ منصف بنے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر 9 مئی کےکرداروں کو قانون کےکٹہرے میں نہ لایا گیا تو قوم ہمیں کبھی معاف نہیں کرےگی۔