آئندہ بجٹ میں حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج کیا ہے؟ وزیر مملکت نے بتا دیا

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں مہنگائی کنٹرول کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ کا کہنا تھا کہ معیشت میں اتنا بگاڑ ہے کہ یکایک سب ٹھیک نہیں ہو سکتا، معیشت کا بگاڑ ٹھیک کرنے میں مزید کئی ماہ لگیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں خسارے اور مہنگائی کا توازن قائم کرنا ہو گا، آئندہ بجٹ ٹیکس فری نہیں دے سکتے، ٹیکس آمدن نہ بڑھائی تو خسارہ بے قابو ہو جائے گا، آئندہ بجٹ میں مہنگائی کنٹرول کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگران حکومتوں کی معاشی کارکردگی بہتر نہیں ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگران حکومت مہنگائی کے خلاف ایکشن لینے میں سست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں صوبوں کی نگران حکومتیں ذخیرہ اندوزوں کےخلاف بھرپور کارروائیاں نہیں کر رہیں، پنجاب اور کے پی کی نگران حکومتیں ناجائز منافع خوری اور پرائس مانیٹرنگ میں ناقص کارکردگی دکھا رہی ہیں۔

دوسری جانب کمیٹی رکن صلاح الدین ایوبی بھی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے اور کہا کہ چمن میں صرف 2 گھٹنے بجلی آتی ہے جبکہ چمن میں پورے ملک سے مہنگی چینی فروخت ہو رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں