امریکی حکام نے سی آئی اے سربراہ کے دورہ چین کی تصدیق کردی

امریکی حکام نے سی آئی اے کے سربراہ کے دورہ چین کی تصدیق کردی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق امریکی حکام نے تصدیق کی ہےکہ بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس نے گزشتہ ماہ چین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کی۔

سی آئی اے ڈائریکٹر کے گزشتہ ماہ دورہ چین کی خبر فنانشل ٹائمز نے سب سے پہلے جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ واشنگٹن چین سے تعلقات میں تناؤ کم کرنے کی کوششیں کررہا ہے جس میں دونوں جانب سے بات چیت کی بحالی اولین ترجیح ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت نہ ہونے سے دو عالمی طاقتوں کے تصادم کے خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے مئی میں کیے جانے والے دورہ چین میں اپنے ہم منصب سے ملاقات میں انٹیلی جنس چینلز سے رابطوں کو استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سی آئی اے ڈائریکٹرنے بیجنگ میں صرف چینی انٹیلی جنس حکام سے ملاقاتیں کی اور اس دوران ان کی کسی سیاسی رہنما سے ملاقات نہیں ہوئی جب کہ اس بات کی تصدیق برنس کے ساتھ موجود ایک اہم شخصیت کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سی آئی اے کی جانب سے ولیم برنس کے دورہ چین کی خبروں پر تبصرے سے گریز کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ چین یوکرین جنگ میں مزید حملوں کے لیے روس کو ہتھیار فراہم کرنے پر غور کررہا ہے تاہم چین کی جانب سے اس الزام کو مسترد کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں