پاکستان کی معروف فیشن ڈیزائنر عالیہ نذیر المعروف نِکی نذیر جہانِ فانی سے رخصت ہوگئیں جس کے بعد شوبز انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات نے اس افسوسناک خبر پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
عالیہ نذیر کے انتقال کی تصدیق مقبول سوشل میڈیا سائٹ کے ایڈیٹر اور پبلشر راحیل راؤ نے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کی، انہوں نے مرحومہ کی تصویر شیئر کی اور بتایا کہ نکی اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔
راحیل راؤ نے پوسٹ میں لکھا کہ ’میری پرانی دوست نکی نذیر کے انتقال کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا، نکی نا صرف مہربان تھیں بلکہ بہت اچھی دوست بھی تھیں، ہماری ایک دوسرے کے ساتھ یادیں بہت انمول ہیں، ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا‘
فیشن ڈیزائنر کے انتقال کی خبر سن کر کئی اداکار و اداکاراؤں نے افسوس کا اظہار کیا اور عالیہ کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔
اداکارہ سجل علی نے اس خبر کو دل شکستہ قرار دیا جب کہ حدیقہ کیانی نے بھی پوسٹ پر کمنٹ کیا اور عالیہ نذیر کے انتقال کو افسردہ قرار دیا۔
اس کے علاوہ ماڈل، فلم ڈائریکٹر اور میزبان فریحہ الطاف نے بھی انسٹاگرام پر کچھ تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نکی کے انتقال کی خبر سن کر دل ٹوٹ گیا ہے، اللہ مغفرت فرمائے‘۔