کراچی: جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم نے دعویٰ کیا ہےکہ پیپلزپارٹی اپنی اکثریت ثابت نہیں کرسکےگی اور میئر جماعت اسلامی کابنے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے، لوڈ شیڈنگ اور اووربلنگ ہورہی ہے، کے ای ایس سی کی نجکاری سے متعلق سپریم کورٹ میں ہماری درخواست زیرسماعت ہے، اس طرح کی کمپنیوں کا معاہدہ ریاست کے ساتھ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اس لیے مفاد عامہ کا کیس ہے کہ کئی کئی گھنٹوں کی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، اس عفریت سے ہماری جان چھڑائی جائے، جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف ایک ہی پارٹی ہے، نیپرا کی ہر سماعت میں صرف جماعت اسلامی شریک ہوتی ہے۔
میئر کراچی سے متعلق حافظ نعیم نے دعویٰ کیا کہ ہمارا سب سے رابطہ ہے اور پارٹیوں کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں لیکن پیپلزپارٹی اپنی اکثریت ثابت نہیں کرسکےگی اور میئر جماعت اسلامی کابنے گا۔