سینئر وکیل عبدالرزاق شر سے متعلق بات پورے شواہد کی بنیاد پر کی: عطا تارڑ

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہےکہ سینئر وکیل عبدالرزاق شر سے متعلق بات پورے وثوق سے کی ہے۔

ایک بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ میں نے جو پریس کانفرنس کی تو کچھ نہ کچھ معلومات ہمیں ملی ہوں گی، میں نے جو بات کی ہے پورے وثوق اور شواہد کی بنیاد پر کی ہے، ہمارا عزم ہے کہ وکیل کے قتل کا کیس منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی سہولت کاری اور چند مخصوص ججز کی سہولت کاری سے وہ راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں، کوئی گرفتار یا تحقیقات کرنے جائے تو پیٹرول بم مار دیتے ہیں، مذاکرات کا ایک وقت تھا ہم نے ہر طرح سے تعاون کیا لیکن انہوں نے یادگارشہدا کو آگ لگائی، کسی دہشتگرد سے مذاکرات نہیں ہوں گے، جو کام تحریک انصاف نے کیا ہے میں نہیں سمجھتا کہ معافی ملنی چاہیے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے عمران خان کے خلاف سنگین غداری کے کیس میں پٹیشنر اور سینیئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا الزام چیئرمین پی ٹی آئی پر لگایا ہے۔

عطا تارڑ نےکہا تھا کہ عبدالرزاق کی ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں، پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت بن گئی ہے، اب چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ کیا جائے گا۔

گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سنگین غداری کے کیس میں پٹیشنر اور سینئر وکیل ایڈووکیٹ عبدالرزاق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں