امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مرضی کی قانون سازی کو قبول نہیں کیا جائے گا اور میئر تو جماعت اسلامی کا ہی آئے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب ایک سال ایڈمنسٹریٹر رہے، انہوں نےمیئر کےاختیارات استعمال کیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مرضی کی قانون سازی کو قبول نہیں کیا جائے گا، آپ کا ایک خاص قسم کا وڈیرہ مائنڈ سیٹ ہیں، آپ کہتے ہیں کہ اگر پیپلزپارٹی کا میئر نہیں آیا تو وسائل نہیں ملیں گے، اب آپ فنڈز نہیں روک سکو گے، آپ کچھ نہیں کرسکتے، میئر تو جماعت اسلامی کا ہی آئے گا۔
حافظ نعیم کا کہنا تھاکہ پی پی اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، سندھ اسمبلی میں اپنی اکثریت کی بنیاد پر متنازع قانونی سازی کی گئی، قانون کےتحت کوئی بھی کونسل کے رکن کے بغیر چیئرمین یا میئر بن سکتا ہے، بلدیاتی ایکٹ کے مطابق امیدوار کونسل کا ممبر ہونا لازمی تھا، اسی قانون سازی کے مطابق ہم کونسل ممبر کے الیکشن میں شامل ہوئے، زیادہ سیٹوں والا کیسے ہارے گا اور کم سیٹوں والا کیسےجیتےگا؟