دوسری شادی پر تنقید، بھارتی اداکار نے ناقدین کو کھری کھری سنادیں

بالی وڈ فلموں کے مشہور وِلن اشیش ودھیارتی نے 57 برس کی عمر میں دوسری شادی کرنے پر اپنے لیے استعمال ہونے والے توہین آمیز الفاظ پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران اشیش ودھیارتی نے کہا ‘جب میری شادی کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو میں نے اپنے لیے بڈھے کھوسٹ جیسے الفاظ پڑھے اور بھی بہت سے توہین آمیز الفاظ میرے لیے استعمال کیے گئے’۔

سینئر اداکار نے کہا ‘دلچسپ بات ہے کہ جو جو یہ باتیں کہہ رہا ہے، جو اپنے سے بڑی عمر کے افراد کو اس طرح کہتا ہے، کیا اس نے کبھی بوڑھا نہیں ہونا؟’
اشیش ودھیارتی نے انٹرویو میں کہا ‘ہم خود سے کہہ رہے ہوتے ہیں کہ نہیں ہمیں یہ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ہم بوڑھے ہورہے ہیں یا بڑے ہوگئے ہیں، اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ انسان ناخوش ہی دنیا سے رخصت ہوجائے’۔

بھارتی اداکار نے مزید کہا کہ ‘اگر کسی شخص کو ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے تو اسے یہ ساتھ کیوں حاصل نہیں کرنا چاہیے؟ ہم کیوں دوسروں کے لیے دیواریں کھڑی کرتے ہیں؟ ایک شخص جس نے قانونی طور پر شادی کی ہو، اس میں کیا غلط ہے؟ یہ ایسی چیز ہے جس میں ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے’۔

واضح رہے کہ اشیش ودھیارتی کی دلہن گوہاٹی سے تعلق رکھنے والی روپالی بروؤا فیشن انٹراپرینیور ہیں اور کلکتہ کے ایک معروف اسٹور سے منسلک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں