چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی کارروائی روکنےکے حکم میں14جون تک توسیع کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے امجد پرویز پیش ہوئے۔

عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کارروائی کے خلاف درخواست دائرکررکھی ہے۔

سماعت کے دوران خواجہ حارث نے آئندہ ہفتے تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روک رکھا ہے، اگر یہ وقت مانگ رہے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں، عدالت ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکنے کا حکم واپس لے لے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے ٹرائل کورٹ کوکارروائی سے روکنےکا حکم واپس لینےکی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت اسٹےختم کرکے ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک سکتی ہے اس لیے عدالت سے اسٹے ختم کرنے کی استدعا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی کارروائی روکنےکے حکم میں14جون تک توسیع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں