پاکستانی اداکارہ و میزبان نتاشا علی نے ماڈل اور اداکارہ زارا شیخ کے ساتھ مارننگ شو کا تجربہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
حال ہی میں نتاشا علی نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں میزبان ایاز سمو نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نتاشا کا شمار ان مہمانوں میں ہوتا ہے جن سے شو بہت جاندار ہوجاتا ہے۔
میزبان نے کہا کہ نتاشا ہوسٹ کو بولنے کا موقع ہی نہیں دیتیں، ایسے مہمانوں کے ساتھ ہی شوز کا مزہ آتا ہے، ورنہ کچھ تو پتھر ہوتے ہیں جو بہت ہی مختصر جواب دیتے ہیں۔
نتاشا علی نے ایاز سمو کی بات کی تائید کی اور کہا ‘میں بھی ماضی میں مارننگ شو ہوسٹ کیا کرتی تھی، کچھ مہمان ایسے آتے تھے جن سے سوال پوچھو تو وہ ایک لفظ کا جواب دیتے تھے، اس کے بعد سمجھ نہیں آتا تھا کہ فوراً دوسرا کون سا سوال پوچھوں؟’
میزبان کے اصرار کرنے پر اداکارہ نے بتایا کہ ‘میرے شو کا تیسرا دن تھا، میں لاہور سے ایک نیوز چینل پر مارننگ شو کیا کرتی تھی، ہماری ایک بڑی اچھی ماڈل و اداکارہ ہیں ، وہ شو پر آئیں، مجھے ان کا نام لینے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، وہ زارا شیخ تھیں’۔
نتاشا نے کہا ‘وہ لائیو شو تھا جس کے لیے تیار ہونے میں زارا نے تین گھنٹے لگائے، وہ اچھی دوست ہیں لیکن بولتی کم ہیں، میرے اس سے پہلے کے شو کی اقساط ایسی تھیں جن میں ایک ایک مہمان ہی آئے تھے جن میں معمر رانا اور ندیم بیگ تھے’۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘یہ میرے سامنے آکر بیٹھ گئیں، اب میں جان کر سوال لمبا کررہی ہوں لیکن یہ جواب انتہائی مختصر دے رہی ہیں، بہت ہی چھوٹے جواب دے رہی تھیں، جس سے مجھے کافی مشکل پیش آئی’۔
اداکارہ و میزبان کا کہنا تھا ‘وہ لائیو شو تھا، پہلے تو میں گھبرائی لیکن پھر کسی طرح میں نے گزار دیا ، پتا نہیں میں نے اس شو میں کیا کیا بولا کیونکہ مجھے علم تھا یہ عورت تو نہیں بولے گی، میرے ذہن میں تھا اگر شو خراب ہوا تو نام مجھ پر آئے گا، اسے تو کوئی کچھ نہیں کہے گا’۔