آسٹریلیا: شادی کی تقریب سے مہمانوں کو لانیوالی بس اُلٹ گئی، 10 افراد ہلاک

آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی ہنٹر ویلی میں شادی کے مہمانوں کو لے جانے والی بس کو ہولناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حادثہ اتوار کی شب ساڑھے 11 بجے کے بعد پیش آیا جب مسافروں سے بھری بس الٹ گئی، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہوسکتا ہے بس دُھند کے باعث الٹی ہو تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔

اسسٹنٹ پولیس کمشنر کے مطابق بس ڈرائیور کی عمر 58 برس ہے جسے حادثے کے بعد حراست میں لے لیا گیا ہے، اس کا بھی اسپتال میں معائنہ کیا جارہا ہے، بس ڈرائیور سے تحقیقات کی جائیں گی کہ کہیں یہ حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی کا نتیجہ تو نہیں ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 10 سے زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ 25 زخمیوں میں سے کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے پولیس نے کہا کہ مذکورہ بس شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو لے کر جارہی تھی اور جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت کئی افراد سو رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں