طوفان بائپر جوائے میں مزید شدت، اندرون سندھ 400 ملی میٹر تک بارش متوقع، کراچی میں بھی شدید بارش کی پیشگوئی

بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان بائپر جوائے مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں سے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب سے 600کلو میٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب سے 580 کلومیٹر دور ہے، طوفان کے سبب سمندر میں ہوا کی رفتار 180سے 220 کلو میٹرفی گھنٹہ کےدرمیان ہے، 14 جون تک سمندری طوفان شمال کی جانب بڑھےگا اور 15 جون کی دوپہرکو طوفان جنوب مشرقی سندھ اور بھارتی گجرات کو عبورکرےگا، 15 جون کی صبح تک سمندری طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرا سکتا ہے۔

سسٹم کے مرکز کےگرد لہریں 35 سے40 فٹ تک بلند ہورہی ہیں: محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ سسٹم کے مرکز کےگرد لہریں 35 سے40 فٹ تک بلند ہورہی ہیں جب کہ طوفان سے کیٹی بندر پر لہریں 8 سے 12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان سے ساحلی پٹی پر آندھی اور گرج چمک کےساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پرشدید بارش بھی ہوسکتی ہے جہاں ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں 13 سے17 جون تک موسلادھاربارش کا امکان ہے جب کہ ان علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے۔

اس کے علاوہ ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو الہیار اور میرپورخاص میں بھی میں 13 سے16 جون کے دوران موسلادھار بارش متوقع ہے۔

ٹھٹھہ، بدین، سجاول، میرپورخاص، عمر کوٹ اور ٹنڈومحمد خان میں 300 سے 400 ملی میٹر بارش متوقع ہے: محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ کراچی، حیدرآباد میں 13سے16 جون کےدرمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش کا امکان ہے، اس دوران ہوائیں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جس سے کمزور عمارتوں، تعمیرات اور کچے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کی گفتگو

علاوہ ازیں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے بتایا کہ طوفان کا رخ طے ہوچکا ہے کہ وہ شمال مشرق کی جانب ہی رہے گا، طوفان 15 جون کو کیٹی سے ٹکرائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں سے طوفان گزرتا ہے وہاں 300 سے 400 ملی میٹر بارش متوقع ہوتی ہے اسی لیے جنوب مشرقی سندھ میں ٹھٹھہ، سجاول، بدین، میرپور خاص اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

کراچی میں 14 یا 15 جون کو آندھی کے ساتھ بارش متوقع
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ طوفان سے کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ سانگھڑ اور ٹنڈو محمد خان میں تیز بارش متوقع ہے، طوفان کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے اور ہوائیں انتہائی شدید ہیں اس لیے کراچی میں 14 یا 15 جون کو آندھی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جب کہ 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ یہ خاصہ طاقتور سسٹم ہے جو کراچی کے قریب سے گزرے گا اس سے شہر میں کم از کم 50 یا پھر 100 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں