مغربی ممالک کا یوکرین کو اسلحہ فراہمی روکنا تنازع کا واحد حل ہے: پیوٹن

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین تنازع ختم کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ مغربی ممالک یوکرین کو اسلحہ فراہمی روک دیں۔

ایک بیان میں روسی صدر نے یوکرین سے جنگ کا حل بتاتے ہوئےکہا کہ مغرب یوکرین میں روس کو شکست دینے کی کوشش کر رہا ہے، یوکرین تنازع ختم کرنےکا واحد راستہ یہ ہےکہ مغربی ممالک یوکرین کو اسلحہ فراہمی روک دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحیرہ اسود کے اناج معاہدے سے نکلنے پر غور کر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکا نے روس سے خوراک کی فراہمی کے خطرات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کا کہنا ہےکہ روس دنیا کو خوراک کی فراہمی روکنے سے متعلق دھمکیاں دینا بند کرے۔

اس کے علاوہ امریکا نے یوکرین کو مزید 325 ملین ڈالر فوجی امداد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان گزشتہ ایک سال سے جنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں روس کی جانب سے یوکرین کے انفرااسٹرکچر کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا ہے جب کہ فضائی حملوں کے نتیجے میں متعدد لوگ اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

مختلف ممالک نے روس کی جانب سے یوکرین پر کیے جانے والے حملوں کو جنگی جرائم قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں