‘ میں اور میری فیملی پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے’، عمر اکمل اور احمد شہزاد کا پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت

پاکستانی کرکٹرز عمر اکمل اور احمد شہزاد نے پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ساتھ ہی عوام کے نام پیغام بھی جاری کیا۔

قومی کرکٹرز نے 9 مئی سانحہ کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث کرداروں کوبے نقاب کرکے کٹہرے میں لایا جائے۔

بیٹر احمد شہزاد نے کہا کہ وطن کی مٹی سے محبت کے لیے شہدا نے اپنی جانیں قربان کی ہیں، ان کے خون کا ہم سب پر قرض ہے، شہداکے تقدس اورحرمت کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دیں۔
دوسری جانب جارحانہ بلے باز عمر اکمل نے کہا کہ میں اور میری فیملی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، جن لوگوں نے یہ کام کیا گزارش ہے کہ اس طرح کاکام دوبارہ نہ کریں۔

کرکٹر نے کہا کہ پاک آرمی کی وجہ سے سے ہم لوگ آزادی سے گھومتے ہیں، فوجی جوان ہمارے لیے بارڈر پر کھڑے اور فیملی سے دور ہوتے ہیں۔

9 مئی سانحہ کیا تھا؟
9 مئی بروز منگل 2023 کو جب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تو پی ٹی آئی کارکنان مشتعل ہوگئے اور ملک بھر میں سیکڑوں مقامات پر سرکاری اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

ان واقعات میں 16 افراد جاں بحق 179 زخمی ہوئے جب کہ 181 سرکاری اہلکار زخمی ہوئے۔

9 مئی 2023 کی تخریب کاری کے واقعات
* راولپنڈی میں پاک فوج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو کے گیٹ پر حملہ کیا گیا اور وہاں ایک فوجی مجسمہ تباہ کردیا گیا۔

*لاہور میں جناح ہاؤس (کورکمانڈر کے گھر) پر مشتعل افراد نے دھاوا بول دیا اور وہاں سے سامان چوری کرکے متعدد چیزوں کو تباہ کردیا۔

*کراچی میں نرسری شاہراہ فیصل پر واقع رینجرز کی چیک پوسٹ کو نذر آتش کردیا گیا۔

*لاہور میں وزیراعظم ہاؤس اور ماڈل ٹاؤن میں ن لیگ کے پارٹی دفتر کو سخت نقصان پہنچایا گیا، اس کے علاوہ گوجرانوالا ، ملتان اور کراچی میں بھی سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

*سرگودھا میں پاکستان ائیر فورس کی یادگار ، ایم ایم عالم کے طیارے کو تباہ کیا گیا۔

* میانوالی ائیر فورس بیس پر حملہ کیا گیا۔

* پشاور میں ایدھی ایمبولینس اور ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت کو آگ لگادی گئی، اس کے علاوہ صوبے میں کچھ اسکولز بھی نذرِ آتش کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں