طوفان بپر جوائے کے پیشِ نظر سندھ کے 4 ائیر پورٹس سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
بحیرہ عرب کے سمندری طوفان کا رخ بدل گیا، بپر جوائے کراچی کے ساحل سے دور ہونے لگا، سمندری طوفان آج جمعرات کو دن 11 بجے پاکستانی حدود میں داخل ہوگا اور کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔
سمندری طوفان بپر جوائے کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) نے سندھ کے 4 ائیرپورٹس کے حوالے سے نوٹم جاری کر دیا ہے، نوٹم طوفان کے دوران محفوظ فلائٹ آپریشن سے متعلق ہے۔
سمندری طوفان کو مد نظر رکھتے ہوئے ائیر پورٹس پر محفوظ فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کے لیے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی اے اے کے نوٹم کے مطابق سندھ کے 4 ائیرپورٹس (کراچی، سکھر، نواب شاہ اور موہن جو دڑو) کے ائیرپورٹ پر 30 ناٹس سے زیادہ ہوا کی صورت میں لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت نہیں ہوگی۔
سی اے اے نے سمندری طوفان بپر جوائے سے متعلق تازہ نوٹم جاری کرکے تمام ائیر لائنز کو آگاہ کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بپر جوائےگزشتہ 6 گھنٹوں سے شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندری طوفان کراچی کےجنوب سے 310 کلو میٹر دور ہے، سمندری طوفان کیٹی بندر کےجنوب، جنوب مغرب سے 240 کلو میٹر دور ہے، سمندری طوفان کےمرکز اور اطراف میں ہواؤں کی رفتار 150 سے 160کلو میٹر فی گھنٹہ، سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے، سسٹم کے مرکز کے گرد لہریں 30 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 15جون کی شام کو طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان کسی مقام پر ٹکرائے گا، طوفان ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے جبکہ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ بھی چل سکتے ہیں