طوفان بپر جوائے :کراچی اور حیدرآباد میں آج اور جمعہ کو موسلادھار بارش کا امکان

کراچی اور حیدرآبادمیں آج اور جمعہ کو موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰ یار ، میرپور خاص،حب اور لسبیلہ میں بھی 16جون تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

طوفان کےدوران کیٹی بندر اور اس کے اطراف لہریں 8 سے 12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں۔

سمندری طوفان بپر جوائے کے زیرِ اثر بدھ کو کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جبکہ کیٹی بندر، سجاول اور تھرپارکر میں بھی بادل برسے، میر پور خاص اور عمرکوٹ میں گرد آلود ہوائیں چلیں ۔

بدھ کو میرپورخاص میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے سے کئی مقامات پر درخت گر گئے جبکہ بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں اور بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

واضح رہے کہ بحیرہ عرب کے سمندری طوفان کا رخ بدل گیا، بپر جوائے کراچی کے ساحل سے دور ہونے لگا ہے، سمندری طوفان آج جمعرات کو دن 11 بجے پاکستانی حدود میں داخل ہوگا اور کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بپر جوائےگزشتہ 6 گھنٹوں سے شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندری طوفان کراچی کےجنوب سے 310 کلو میٹر دور ہے، سمندری طوفان کیٹی بندر کےجنوب، جنوب مغرب سے 240 کلو میٹر دور ہے، سمندری طوفان کےمرکز اور اطراف میں ہواؤں کی رفتار 150 سے 160کلو میٹر فی گھنٹہ، سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے، سسٹم کے مرکز کے گرد لہریں 30 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں