کراچی: میئر کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ میئر کے لیے جاری الیکشن میں ہم فتح کے قریب ہیں اور انشااللہ ہماری جیت ہوگی۔
ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اراکین کے لیے گزشتہ رات عشائیہ منعقد کیا گیا جس میں ہمارے تمام اراکین موجود تھے، تمام اراکین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
نامزد میئر پیپلزپارٹی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم اپنا نمبر ایوان میں پورا کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے اپنے حریف اور جماعت اسلامی کے نامزد میئر امیدوار حافظ نعیم کو کہا کہ حافظ صاحب ہار جیت سیاست کا حصہ ہے، ماحول خراب نہ بنائیں اور الیکشن کے عمل کو متنازع نہ بنایا جائے، ہم سب کی ایک ترجیح ہے کہ ترقی ہو، ان شااللہ ہم اس شہر میں ترقی کروائیں گے۔
میئر جماعت اسلامی کا ہوگا: حافظ نعیم الرحمان
دوسری جانب بدھ کی رات کو ادارہ نور حق میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری پلاننگ کر لی ہے، صبح ان شااللہ جماعت اسلامی کا میئر بنے گا ،جو لوگ گرفتاری اور اغوا سے بچ گئے ہیں وہ ایوان میں پہنچیں گے اور پیپلز پارٹی کو سرپرائز دیں گے۔
پیپلز پارٹی کی جماعت اسلامی کو ڈپٹی میئر کی آفر:
اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا حافظ نعیم ڈپٹی میئر کی ہماری آفر قبول نہیں کر رہے، ہم نے سب کو مل کر کام کرنے کی آفر کی ہوئی ہے، توقع کرتے ہیں کہ جیالا جیتتا ہے تو جماعت ہمارے میئرکو سپورٹ کرے۔