نومنتخب میئرکراچی کا مختلف علاقوں کا دورہ، برساتی نالوں کی صفائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت
کراچی کے نومنتخب میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات دیر گئے ضلع شرقی اور اولڈ سٹی ایریا میں گارڈن نالے کا دورہ کرکے برساتی نالوں کی صفائی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
نومنتخب میئر کراچی نے جوہر چورنگی انڈر پاس پرجاری کام کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انڈر پاس کی تکمیل سے گلستان جوہر اور اطراف کے عوام کو ریلیف ملے گا۔
اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات جماعت اسلامی کو بھی سمجھنی چاہیے کہ ہمیں کراچی کیلئے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے 25 ٹاؤنز میں پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی تینوں نے ٹاونز جیتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے میئر کے انتخاب کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہوگئے تھے۔
میئر کراچی کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کے درمیان مقابلا ہوا جس میں مرتضیٰ وہاب کو 173 ووٹ ملے جب کہ حافظ نعیم کو160 ووٹ ملے، اس طرح مرتضیٰ وہاب 13 اضافی ووٹ لیکر میئر کراچی منتخب ہوگئے تاہم نتائج کا حتمی اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔