اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہےکہ اللہ کا فضل ہے ہم طوفان کی تباہ کاریوں سے بچ گئے ہیں۔
جیونیو کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ اللہ کا فضل ہے ہم طوفان کی تباہ کاریوں سے بچ گئے ہیں، آج دوپہر میٹنگ میں غور ہوگا کہ متاثرین کو واپس علاقوں میں کیسے پہنچانا ہے، سجاول میں متاثرین کی واپسی میں شاید کچھ وقت لگ جائے ، آبادی اتنی بڑھ گئی ہے کہاں کہاں ہم پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ سجاول میں لوگوں کے پاس ذریعہ معاش کافی حد تک متاثر ہوا ہے، متاثرہ علاقوں سے 8 ، 9 ہزار مویشیوں کو بھی منتقل کیا گیا ہے۔
سمندری طوفان بپر جوائے نے انڈین گجرات کی ساحلی پٹی پر لینڈ فال مکمل کر لیا ہے، جو کیٹی بندر سے 125 کلومیٹر جنوب-جنوب مغرب میں ہے۔ طوفان پہلے کمزور ہو کر سائیکلونک طوفان اور پھر آج شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہو نے کی توقع ہے۔#NEOCNDMAPAK
Source: Windy pic.twitter.com/s09eubpdnr— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) June 16, 2023
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بحیرہ عرب میں بپرجوائے ماضی کے دیگر طوفانوں سے طویل رہا جب کہ سمندروں میں درجہ حرارت بڑھنا بھی طوفانوں کی ایک وجہ ہے۔
بحیرہ عرب کے طوفان سے متعلق پیشگوئی کرنا مشکل ہوتا ہے: جواد میمن
دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو میں ماہر موسمیات جواد میمن نے کہا کہ بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان سے متعلق پیشگوئی کرنا مشکل ہوتا ہے، طوفان کس مقام پر ٹکرائے گا یہ حتمی طور پر بتانا مشکل ہوتاہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں بپر جوائے طوفان سے ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گا۔