پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الہٰی کی بیگم نے کہا ہے کہ 77 سال کی عمر کے شخص کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی، انہیں جیل میں سی کلاس قیدی کی سہولیات بھی میسر نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا حوصلہ بلند ہے، وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور قائم رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چند روز قبل ان کے شوہر کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) اسپتال لایا گیا جہاں ان سے ملنے بھی نہیں دیا گیا اور نامکمل ٹیسٹوں کے بعد ان کو واپس جیل بھجوادیا گیا۔
خیال رہے کہ یکم جون کو چوہدری پرویز الٰہی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔
پرویزالٰہی کے خلاف اینٹی کرپشن میں سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمہ درج ہے، ان کیخلاف لاہور کے تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے جبکہ ان کے خلاف غیرقانونی بھرتیوں کا مقدمہ بھی زیر سماعت ہے۔