عمران خان ایسا ناسور ہے جس کا ایجنڈا صرف ملکی تباہی ہے: رانا ثنااللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ایک ایسا ناسور ہے کہ اس کا ایجنڈا صرف ملک میں تباہی ہے۔

جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حوالات یا جیل میں کسی کو تکلیف ہوتی ہےتو اسے اسپتال منتقل کرنا معمول کی بات ہوتی ہے، میری اطلاعات کے مطابق پرویزالہٰی صاحب کمفرٹیبل ہیں، ان کو جیل میں تمام سہولتیں دستیاب ہیں۔

اس فتنے نے ملک کی سیاست میں بدتمیزی اور بدتہذیبی پیدا کی:
وزیر داخلہ رانا ثنا
رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف کے چیئرمین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک فتنہ تھا اور ہے، اس نے ملک کی سیاست کو گندا کیا، اس فتنے نے ملک کی سیاست میں بدتمیزی اور بدتہذیبی پیدا کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ 9 مئی کو اس نے جو حرکت کی ہے، ووٹ بڑھنے کی اس کی خام خیالی ہے، عوام کو اس شخص کی شناخت اور ادراک ہوچکا ہے، یہ شخص کبھی بھی ملک کی سیاست میں مرکزی کردار اداکرنے میں شامل نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی سے پہلے اس شخص نے قوم کے نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت بھری، ہر ذی الشعور آدمی سمجھتاہے کہ یہ شخص ملک میں افرا تفری چاہتا ہے، یہ ایک ایسا ناسور ہے کہ اس کا ایجنڈا صرف ملک میں تباہی ہے، اس کردار کا آدمی کسی قوم کی اکثریت کا لیڈر ہوسکتاہے؟

نگراں سیٹ اپ آنا چاہیے، آئین کی مدت کے مطابق الیکشن ہونے چاہییں: رانا ثنا اللہ
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ یہ 2013 میں بھی مقبول تھا، کیا الیکٹورل اسٹرنتھ سامنے آئی تھی؟ نگراں سیٹ اپ آنا چاہیے، آئین کی مدت کے مطابق الیکشن ہونے چاہئیں، بجٹ میں الیکشن کیلئے پیسے رکھے گئے ہیں، الیکشن سے کبھی بھاگے ہیں نہ بھاگیں گے لیکن یہ چاہتا تھا 2صوبوں میں پہلے الیکشن ہوں، اس کی ہم نے جائز مخالفت کی، الیکشن ایک ہی روز ہونے چاہئیں اور نگراں سیٹ اپ ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں