ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ میں بنگلا دیش نے سیمی فائنل میں پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
بارش اور خراب موسم کی وجہ سے پاکستان ایمرجنگ اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل کو 9 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
بنگلا دیشی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 9 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر59 رنز بنائے۔ ایک موقع پر بنگلا دیش کی 6 وکٹیں صرف 16 رنز پر گرچکی تھیں لیکن پھر ناہیدہ اختر اور ربیعہ خان نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 37 رنز کا اضافہ کیا،ناہیدہ اختر نے 21 رنز اسکور کیے، فاطمہ ثنا نے 3 وکٹیں اور انوشے ناصر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان ٹیم کے 60 رنز کا آسان ہدف نہ بنانے کے بعد اب فائنل بنگلادیش اور بھارت اے کے درمیان کھیلا جائے گا
پاکستان ایمرجنگ کی اننگز میں ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار نے 4 اوورز میں 26 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پھر پاکستان ایمرجنگ کی چار وکٹیں 21 رنز کے اضافے پر گرگئیں، شوال ذوالفقار نے 11 رنز بنائے جبکہ پاکستان ٹیم مقررہ 9 اوور میں 53 رنز بناسکی یوں ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان ٹیم کے 60 رنز کا آسان ہدف نہ بنانے کے بعد اب فائنل بنگلادیش اور بھارت اے کے درمیان کھیلا جائے گا ، بھارت اے اور بنگلادیش کا فائنل بدھ کے روز کھیلا جائے گا۔
بھارت اے اور سری لنکا کے درمیان پہلا سیمی فائنل گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب ممکن نہ ہوسکا، بھارت اے نے چونکہ اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی لہذا اس نے فائنل میں جگہ بنالی۔