پاکستان کو اکتوبر اور دسمبر میں ایل این جی سپلائی کے لیے کوئی بولی نہیں ملی۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کےمطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے اکتوبر اور دسمبر کے لیے 6 ایل این جی کی کارگوز خریداری کے لیے بولیاں طلب کی تھیں جن میں سے تین ایل این جی کارگوز اکتوبر اور تین دسمبر کے لیے درکار تھے، اکتوبرمیں 5 سے 6 اکتوبر، 20 سے 21 اور 31اکتوبرکی سپلائی کیلئے بولیاں طلب کی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ 7 سے 8 دسمبر، 13 تا 14 دسمبر، 24 تا 25 دسمبر سپلائی کے لیے بولیاں طلب کی گئی تھیں، بولیاں جمع کرانے کی آج آخری تاریخ تھی اور آج ہی اوپن ہونی تھیں۔
ذرائع کے مطابق جنوری اور فروری کے لیے بھی 3 اسپاٹ ایل این جی کارگوزکی سپلائی کے لیے بولیاں طلب کی گئی ہیں جب کہ جنوری اور فروری کی ایل این جی سپلائی کی بولیاں جمع کرانےکی آخری تاریخ 14جولائی ہے، اسپاٹ ایل این جی کارگوزکی بولیاں14 جولائی کو ہی کھلنی ہیں۔
ذرائع کے مطابق 3 سے 4 جنوری اور 28 سے 29 جنوری کی سپلائی کے لیے بولیاں طلب کی گئی ہیں جب کہ 23 سے 24 فروری کے ایل این جی کارگو سپلائی کی بولی بھی طلب کی گئی ہے۔