اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کی ضمانت منظور کرلی۔
پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کےکیس میں اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا نےگزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ آج سنا دیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا نے 10 لاکھ روپےکے مچلکوں کے عوض چوہدری پرویز الہیٰ کی ضمانت منظور کی۔
خیال رہے کہ یکم جون کو چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔
پرویزالہیٰ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں اور سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمات درج ہیں، ان کے خلاف لاہور کے تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے۔