رواں برس 1444ہجری یوم عرفہ کے روز حج کا خطبہ دینے کیلئے شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمدبن سعید کو مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
العربیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایوان شاہی کی منظوری سے امسال میدان عرفات کی مسجد نمرہ سے شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمدبن سعید خطبہ حج دیں گے۔
انتظامیہ نے مسجد الحرام کے مبلغ اور احتیاطی امام کے طور پر شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد المعیقلی کومقرر کیا ہے۔
خطبہ حج کتنی زبانوں میں نشر کیا جائے گا؟
خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت دنیا کی متعدد زبانوں میں براہ راست نشر کیا جاتا ہے، ایک رپورٹ کے مطابق رواں برس خطبہ حج 14 زبانوں میں براہ راست نشر کیاجائے گا۔
شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن سعید کون ہیں؟
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن سعید سربرآوردہ علما کونسل کے رکن ہیں، شیخ ڈاکٹر یوسف اسلامی یونیورسٹی میں پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں، سائنسی کمیٹی برائے تعلیم عامہ سے تعلق رکھنے والی سپوزیم کے چیئرمین اور اور ویژن اور خواہشات کے رکن بھی ہیں۔
شیخ ڈاکٹر یوسف نے بیچلر کی ڈگری ریاض کے کالج آف فنڈامینٹلز آف ریلیجن سے حاصل کی اور بعد ازاں ماسٹر اور پھر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
2020 میں انہیں سینئرز اسکالرز کی کونسل کا رکن مقرر کرنے کا شاہی حکم جاری کیا گیا تھا۔
پاکستان میں عید الاضحیٰ 29 جون کو ہوگی
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں ذی الحج 1444 ہجری کا چاند نظر آگیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھاکہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذی الحج 1444 ہجری 20 جون بروز منگل کو ہوگی اور عید الاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات کو ہوگی۔
سعودی عرب میں عید 28 جون کو ہوگی
دو روز قبل سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا تھا، حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفہ 27 جون منگل کو ادا کیا جائےگا۔