کراچی: صوبائی وزیر شرجیل میمن نے پیپلزبس سروس کی ایپ 22 جون سےلانچ کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں شرجیل میمن کی زیرصدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اور این آر ٹی سی کے حکام کا اجلاس ہوا جس میں پیپلزبس سروس انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت چلانے اور آن لائن سسٹم سےجوڑنےکا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پیپلزبس سے سفر کرنے والے شہریوں کو ایپ سےگاڑی کی لوکیشن کابا آسانی پتا چل سکے گا اور صارفین آن لائن بکنگ، روٹ، کرائے سمیت دیگر ضروری معلومات بھی حاصل کرسکیں گے جب کہ ایپ کے ذریعے صارفین اپنی شکایات بھی براہ راست حکام بالا تک پہنچا سکیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت پیپلزبس کی مانیٹرنگ ہوگی، بس میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے جب کہ بس میں آڈیوسسٹم، یوایس بی پورٹ، وائی فائی کمیونیکیشن سسٹم اور ڈرائیور الارم بھی ہوں گے۔
الیکٹرک بسز کے چارجرز کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنےکی ہدایات جاری
اجلاس میں بتایا گیا کہ 20 گرین بسیں 20 اگست تک پاکستان پہنچ کرپیپلزبس سروس کا حصہ بن جائیں گی
اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے الیکٹرک بسز کے چارجرز کا مسئلہ بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنےکی ہدایات جاری کی۔
اجلاس میں حیدرآباد میں ہالہ ناکہ سےکیسانہ موری تک پیپلزبس سروس چلانے اور لیاری ایکسپریس وے پرپیپلزبس سروس چلانے سے متعلق مزید سروے کرنے پرغور کیا گیا۔
اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ عوام کو بہترین، آرام دہ اور سستی بس سروس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، سندھ حکومت عوام کی سفری تکالیف کا خاتمہ چاہتی ہے اسی لیے کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور میرپورخاص کے دیہی علاقوں کو پیپلز بس سروس کے ذریعے شہری علاقوں سے جوڑا جائے گا۔
اس سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ نے پیپلز بس کیلئے شارع فیصل پر ایک مخصوص لین بنانے کی بھی ہدایت کی تھی۔