ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ یوٹیوبر نادر علی کو ان کے سوالات کے باعث مزید ہراساں نہ کیا جائے۔
انسٹاگرام پر جاری پیغام میں سنیتا نے کہا ‘مجھے سپورٹ کرنے کے لیے میں آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، میں آپ سب سے یہ بھی درخواست کروں گی کہ برائے مہربانی انٹرویو لینے والے کو مزید ہراساں نہ کریں’۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ‘میں شو کے تمام میزبانوں جو انٹرویو لیتے ہیں، انہیں کہنا چاہوں گی کہ برائے مہربانی مستقبل میں اس قسم کے ذاتی نوعیت کے سوالات مت کیجیے گا’
نادر علی کی جانب سے کیے جانے والے سوالات:
کچھ روز قبل سنیتا مارشل نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں نادر نے اداکارہ سے بچوں کے مذہب سے متعلق پوچھا اورپھر سنیتا سے مذہب تبدیل کرنے کا سوال کیا۔
بعدازاں نادر نے کہا کہ اللہ آپ کو ہدایت دے اور مسلسل اس قسم کے سوالات کا سلسلہ جاری رکھا جس کے باعث اداکارہ انتہائی غیر آرام دہ صورتحال میں نظر آئیں۔
جواب میں سنیتا نے سنبھل کر جواب دینا مناسب سمجھا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نادر کو نہ بخشا گیا اور یوٹیوبر پر سخت تنقید کی گئی،یہاں تک کہ کچھ صارفین نے ان کا شو بند کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔
واضح رہے کہ سنیتا مارشل عیسائی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں جب کہ ان کے شوہر اداکار حسن احمد مسلمان ہیں، کئی شوز میں سنیتا اعتراف کرچکی ہیں کہ ان کے دونوں بچے اسلام کے نقشِ قدم ہر چل رہے ہیں جس کا فیصلہ شادی سے پہلے ہی جوڑے نے کرلیا تھا۔