بھارت: گھر کے سربراہ نے بیوی کو قتل اور بچوں کو کنویں میں پھینک کر خودکشی کرلی

بھارت میں ایک شخص نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد بچوں کو کنویں میں پھینک کر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں پیش آیا جہاں ایک سنگ دل باپ نے اپنے ہی خاندان کو پہلے قتل کیا اور پھر خودکشی کرلی۔

پولیس کاکہنا ہےکہ خودکشی کرنے والے شخص کی شناخت 42 سالہ ڈاکٹر اتل کے نام سے ہوئی ہے جب کہ اس کے بچوں کی عمریں 9 اور 6 سال اور بیوی کی 39 سال تھی، وہ خود پیشے کے اعتبار سے جانوروں کا ڈاکٹر ہے۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر اتل نے پہلے گھر میں بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کیا اور پھر اپنے دونوں بچوں کو گھر کے قریب کنویں میں پھینک دیا، اس نے گھر واپس آنے کے بعد پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر جب پولیس موقع پر پہنچی تو میاں بیوی کی لاشوں کو لٹکا ہوا پایا، تحقیقات کرنے پر گھر سے ایک تحریری نوٹ ملا جس میں ڈاکٹر اتل نے اپنے سنگین قدم اٹھانے کی وجہ بیوی کا پرتشدد رویہ بتایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں