اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے 9 مئی سانحے کا ماسٹر مائنڈ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو قرار دے دیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 9 مئی سانحے کے ماسٹر مائنڈ ہیں، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، ہم شفاف ٹرائل چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جوکچھ ہوااس کی منصوبہ بندی چیئرمین پی ٹی آئی نے کی اور انہوں نے ہی زمان پارک میں بیٹھ کر اس منصوبے کو عملی شکل دی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے روز شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے اہل خانہ کے جذبات کو مجروح کیاگیا، ملٹری کورٹس میں فوجی تنصیبات پرحملے کا ٹرائل ہورہا ہے، 9 مئی واقعات میں ملوث افرادکوایسی سزا ہوکہ آئندہ ایسا واقعہ کبھی نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بعد میں اس چیزکو انسانی حقوق کا پراپیگنڈابناکرپیش کیا تاہم عالمی میڈیا نے چیئرمین پی ٹی آئی کے انسانی حقوق کے پراپیگنڈا کو مستردکردیا۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں نے ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیا جس کے بعد سیکڑوں شر پسندوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔