کوئٹہ: بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ جام کمال بھی نئی پرواز کے لیے پر تولنے لگے۔
سابق وزیراعلیٰ جام کمال نے پیپلز پارٹی سے رابطوں کے بعد اب مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے بھی ملاقات کی ہے اور اس موقع پر جام کمال کے ہمراہ سینیٹر انوارالحق کاکڑ بھی تھے۔
بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے رہنما جام کمال سابق وزیراعظم نواز شریف اور پھر شاہد خاقان عباسی کی وفاقی کابینہ میں بھی وزیر تھے، اپنی حکومت ختم ہونے کے بعد وہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ بن گئے۔
دوسری جانب جام کمال کے علاوہ رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان اور سابق ایم پی اے اختیار ولی کی بھی مریم نواز سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئی۔
رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی نواز شریف کے دل کی آواز ہے، معاشی بحالی کا قومی منصوبہ تاریخی قدم ہے، آئندہ انتخابات میں پارٹی کے نظریاتی رہنماؤں کو ٹکٹ دیں گے۔