عیدِ قرباں کی آمد سے قبل بہت سے گھروں میں جہاں کافی گہرائی سے صفائی کی جاتی ہے وہیں ریفریجریٹر کو بھی اچھی طرح سے صاف کیا جاتا ہے تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر گوشت اور دعوتوں کے لیے فریج اور فریزر خالی ملیں۔
بعض خواتین کی یہ شکایت ہوتی ہے کہ اچھی طرح سے فریج کی صفائی کے بعد بھی اس میں سے آنے والی بُو کا خاتمہ نہیں ہوسکا جس کی عام وجہ یہ ہے کہ ہمارے کھانوں میں استعمال ہونے والے مصالحہ جات کی مہک انتہائی تیز ہوتی ہے۔
کھانے میں مضبوط مصالحہ جات کا بار بار استعمال ریفریجریٹر میں مسلسل بدبو کا باعث بن سکتا ہے، اس کے علاوہ بچا ہوا کھانا، یا سبزیاں اور پھل بھی فریج میں رکھے جاتے ہیں۔
بدبو کو روکنے کے لیے بس تھوڑی احتیاط اور کچھ طریقے اپنانے چاہئیں۔
ہفتے میں ایک بار فریج صاف کریں، فریج کیسے صاف کرنا چاہیے؟
اکثر خواتین اپنے فریج یا فریزر عید آنے یا کسی خاص موقع پر صاف کرتی ہیں جو کہ عجیب اور اپنی صحت کے ساتھ کھیلنے والی بات ہے۔
پہلا اور سب سے اہم مشورہ یہ ہے کہ اپنے فریج کو صاف کیے بغیر زیادہ دیر تک استعمال نہ کریں، آپ کو ایک باقاعدہ وقت مقرر کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد آپ اسے صاف کریں۔
صفائی کا مطلب یہ نہیں کہ گیلے کپڑے سے فریج کے شیلف صاف کیے جائیں، مارکیٹ میں کئی سولوشنز دستیاب ہیں، ان کا استعمال کیا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ آپ گھر میں ‘بیکنگ پاؤڈر اور لیموں’ کا استعمال کرکے بھی آسانی سے فریج کو صاف کرسکتے ہیں۔
دونوں کو ملائیں اور اس سے فریج صاف کریں۔
اس کے علاوہ فریج کی بُو کے خاتمے کے لیے کیا کرنا چاہیے؟
1) کیڑے اور بدبو کو مارنے والے اجزاء رکھیں:
ایک بار جب آپ فریج کو صحیح طریقے سے صاف کر لیں، تو آپ چند اجزاء لے سکتے ہیں جو کسی بھی قسم کی بدبو کے خاتمے کا سبب بنتے ہیں۔
کافی، لیموں، کڑی پتے اور لونگ جیسے اجزاء فریج میں رکھیں، اس کے علاوہ نیم کے پتے بھی کیڑے مکوڑوں سے دوری کے لیے ریفریجریٹر میں رکھے جاتے ہیں۔
2) ائیر ٹائٹ کنٹینرز کا استعمال:
کسی بھی قسم کی بچ جانے والی چیزوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے اور حفظان صحت کا خیال رکھتے ہوئے ائیر ٹائٹ کنٹینرز کا استعمال کریں۔
ایک ائیر ٹائٹ کنٹینر باکس سے باہر آنے والی کسی بھی قسم کی بدبو کو روک دے گا۔
3) سرکہ:
اگر آپ سرکے کو پانی میں ابالیں اور پھر اسے اپنے فریج میں 4 سے 6 گھنٹے کے لیے رکھیں تو یہ آپ کے ریفریجریٹر میں موجود کسی بھی قسم کی بدبو کو جذب کر لے گا۔