استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سینیئر رہنما اسحاق خان خاکوانی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر جہانگیر ترین کو نااہل کروانے کیلئے سازش کرنے کا الزام عائد کردیا۔
اسحاق خاکوانی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جہانگیر ترین کی نااہلی کی سازش کی اور یہ کام سابق چیف جسٹس کی سازباز سے کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بحث نہیں ہوتی کہ کیسے چیئرمین پی ٹی آئی نے جہانگیر ترین کی نااہلی کی سازش کی؟ کیا چیئرمین پی ٹی آئی انکار کر سکتے ہیں کہ یہ کام سابق چیف جسٹس کی ساز باز سے نہیں کیا۔
اسحاق خاکوانی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کوجہانگیر ترین کی نااہلی پر اپنے سازشی کردار پر جواب دینا ہوگا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر 15 دسمبر 2017 کو فیصلہ سناتے ہوئے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کو اہل جب کہ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیدیا تھا۔