آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے 17ویں میچ میں زمبابوے نے امریکی ٹیم کو 304 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ رقم کردی۔
زمبابوے کے شہر ہرارے میں ہونے والے میچ کا ٹاس امریکا نے جیتا جس کے بعد انہوں نے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، زمبابوے نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 408 رنز بنائے، کپتان سین ولیمز نے 174 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
سین ولیمز نے 101 گیندوں پر 174 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
اوپنر جوائے لینڈ گومبی نے 78، سکندر رضا نے 48، رائن برل نے 47، انوسنٹ کیا نے 32 جب کہ لوک جونگوی نے 1، تاڑیوانشی نے 18 اور بریڈ ایونز نے 3 رنز اسکور کیے۔
دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں زمبابوے 304 رنز کے بڑے مارجن سے فتح یاب قرار پائی۔
408 زمبابوے کی ٹیم کی جانب سے اب تک کا کسی بھی ٹیم کو دیے جانے والا سب سے بڑا ہدف ہے، جب کہ ایک روزہ میچ کی تاریخ میں 304 رنز سے کامیابی دوسری بڑی کامیابی ہے۔
خیال رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑی فتح بھارت کے نام ہے، رواں برس کے آغاز میں اُس نے سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دی تھی۔
Highest total for Zimbabwe 💥
Second biggest margin of victory in ODI history 🔥Utter domination by the hosts against USA in the #CWC23 Qualifier 💪https://t.co/57YqnMFQiH
— ICC (@ICC) June 26, 2023
اس میچ میں بھارت نے ویرات کوہلی کے شاندار 166 رنز کی بدولت 390 اسکور بورڈ پر سجائے تھے، جواب میں سری لنکن ٹیم صرف 73 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔
واضح رہے کہ تین ہفتوں پر مشتمل یہ اہم ٹورنامنٹ فیصلہ کرے گا کہ کون سی ٹیمیں اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گی، اس ٹورنامنٹ کے لیے ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور یو ایس اے کی ٹیموں کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔
گروپ بی میں سری لنکا، آئرلینڈ ، اسکاٹ لینڈ، عمان اور یو اے ای کو شامل کیا گیا ہے۔