ایف بی آر رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے27 جون 2023 تک 7 ہزار 144 ارب روپے کے ٹیکس محصولات جمع کیے جب کہ ایف بی آر کا رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف7 ہزار 640 ارب روپے تھا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف بی آر ہدف کے مقابلے میں 496 ارب روپےکےکم ٹیکس محصولات حاصل کرسکا ہے، ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے فروری میں200 ارب روپےکا منی بجٹ لایا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نئے اقدامات کے تحت سیلز ٹیکس کی شرح کو بڑھا کر 18 فیصدکیا گیا تھا، درآمد ہونے والی تمام پرتعیش اشیا پر سیلز ٹیکس بڑھا کر 25 فیصدکردیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ درآمدات پرپابندیوں اور معاشی صورتحال کے باعث ٹیکس وصولی میں کمی ہوئی ہے، رواں مالی سال ٹیکس وصولی میں 19 فیصدکا اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں