سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن کر کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے عنایت قلعہ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں شفیع سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، علاقہ مکینوں نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کیا۔