ملک بھر میں آج سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

ملک بھر میں آج سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، آج سے 8 جولائی کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

بارکھان، لسبیلہ، ڈی آئی خان، ملتان، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹہ، عمر کوٹ اور حیدر آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے کمزور انفرا اسٹرکچر کونقصان پہنچ سکتا ہے، اربن فلڈنگ، لینڈسلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے خدشےکے پیش نظر سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں