ملک بھر میں جہاں شدید گرمی نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے وہیں بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کو مزید اذیت میں مبتلا کررکھا ہے جس وجہ سے عوام سراپا احتجاج ہیں۔
کراچی کے علاقے حسن اسکوائر پر علاقہ مکینوں نے بجلی کی طویل بندش پر احتجاج کیا اور سڑکوں پر نکل آئے، شہریوں نے رات گئے سڑک کو بند کردیا جس سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ 4 سے 14 گھنٹوں تک جا پہنچا ہے جہاں اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں میں 10 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ لانڈھی، کورنگی اور اطراف کے علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ کے الیکٹرک کی جانب سے مینٹیننس کے نام پر بھی گھنٹوں بجلی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ اضلاع میں 7 روز بعد بھی بجلی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے، مزدوروں کا دن کا کام اور دھندہ ٹھپ ہوگیا جب کہ لوگ تنگ آکر علاقے سے نقل مکانی کررہے ہیں۔
لاڑکانہ کی قیامت خیز گرمی میں شہری کئی دن سے بجلی سے محروم ہیں اور شہریوں نے عید کے دنوں میں بھی بجلی کے بغیر ہی گزارا کیا۔
سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) حکام کا کہنا ہے کہ ہائی ٹینشن پاور لائن کی مرمت کا کام بڑی حد تک مکمل کر لیا گیا ہے اور شہر کے 27 فیڈرز پر بجلی بحال کردی گئی ہے۔
ادھر بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے تمبو میں 10 دن سے بجلی بند ہے، اس دوران علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے سبی کوہلو شاہراہ بند کردی۔