سويڈش حکومت قرآن پاک کی بے حرمتی کانوٹس لے: وزیراعظم

اسلا م آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سويڈش حکومت سے واقعے کا نوٹس لینے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سویڈن سے ہمارا مطالبہ جائز ہے، اس حوالے سے دفتر خارجہ اس معاملے کو مزید بھی دیکھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی سخت مذمت کرتی ہے، سویڈش حکومت اپنے ملک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کرے۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ
سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسٹاک ہوم کی پولیس نے عراق سے تعلق رکھنے والے شہری کو کئی بار قرآن پاک نذر آتش کرنے کی اجازت دینے انکار کیا تھا لیکن مقامی عدالت نے پولیس کے فیصلے کو آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیا۔

مقامی پولیس نے شہری کو عید کے روز شہر کی مرکزی جامع مسجد کے باہر مظاہرے کی اجازت دی جس کے بعد ملعون نے قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔

دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں اور کئی ممالک میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

ایران اور عراق میں سویڈش سفارت خانوں پر ہزاروں افراد نے احتجاج کی، عراقی مظاہرین نے سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں سویڈن کے ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

سویڈش حکومت کیا کہتی ہے؟
سویڈش حکومت کا کہنا ہےکہ یہ واقعہ سویڈن کی حکومت کا مؤقف واضح نہیں کرتا ہے، قرآن کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈش حکومت اسلاموفوبیا پر مبنی اس عمل کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں