لاہور میں صبح سویرے بادل برس پڑے

لاہور میں بدھ کی صبح سویرے ہی موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

لاہور میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے جل تھل ہوگیا اور شہر کے بیشتر مقامات پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

شہر میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 234 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ قرطبہ چوک پر 213، تاج پورہ 202، نشتر ٹاؤن 201، گلشن راوی 200، جوہر ٹاؤن 183، اپر مال 166 اور گلبرگ میں 163 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، جہلم، شکر گڑھ اور لیہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

ملتان میں بھی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا جب کہ مالاکنڈ اور گردو نواح میں بادل جم کر برسے، مظفر آباد اور آزاد کشمیر میں رات بھر سے ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بارشوں سے پہاڑوں اور نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا جب کہ دریائے نیلم اور جہلم میں پانی کی سطح بلند ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، فیصل آباد اور پشاور میں بھی موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ سندھ، بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں