ذکا اشرف آئی سی سی میٹنگز میں شرکت کیلئے کل جنوبی افریقا روانہ ہونگے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ میٹنگز میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کل جنوبی افریقا روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ذکا اشرف کے ہمراہ پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر بھی جائیں گے۔

آئی سی سی کی سالانہ میٹنگز 10 سے 13 جولائی تک جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی میٹنگز میں اہم امور زیرِ بحث آئیں گے جبکہ اس دوران سالانہ رپورٹ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات ہو گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی سی سی پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے ممبرز کو بریف کرے گا جبکہ میٹنگز کی سائیڈ لائنز پر پی سی بی کے عہدے داران ممبرز ممالک کے عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے میچز میں اضافے اور دیگر امور پر بھی اے سی سی کے ممبرز سے سائیڈ لائنز پر بات ہو گی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نئی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی،وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی بنانے کی منظوری دی۔

نئی کمیٹی میں ذکا اشرف کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں