پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا ہے۔
پی سی بی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کہا ہے کہ ذکا اشرف کے نام سے ٹوئٹر پر بنا ہوا تصدیق شدہ اکاؤنٹ جعلی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس جعلی اکاؤنٹ کے حوالے سے پی سی بی نے ٹوئٹر کو شکایت کی ہے۔
ذکا اشرف کے نام سے بنایا گیا یہ اکاؤنٹ اس قسم کی ٹوئٹس کرتا ہے جیسے ذکا اشرف بذات خود پیغامات جاری کررہے ہوں، اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کے 8ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور ان کے اکاؤنٹ کے تعارف میں چیئرمین پی سی بی بھی لکھا ہوا ہے۔
یہ اکاؤنٹ فروری 2021 میں بنایا گیا تھا جو کچھ عرصہ قبل ویریفائیڈ ہوا ہے، اس جعلی اکاؤنٹ سے اب تک مجموعی طور پر 55 ٹوئٹس کی گئی ہیں۔
کچھ ٹوئٹس میں نامناسب زبان کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔
اب کچھ صارفین کے ذہنوں میں یہ سوال ہوگا کہ ذکا اشرف کا جعلی اکاؤنٹ مصدقہ کیسے ہوا؟ تو یقیناً ان کا اکاؤنٹ بنانے والے شخص نے ٹوئٹر کو رقم ادا کر کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کا بلیو ٹک حاصل کیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نئی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ذکا اشرف کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔
10 ارکان پر مشتمل اس نئی مینجمنٹ کمیٹی میں چیئرمین ذکاء اشرف کے علاوہ کلیم اللّٰہ خان، اشفاق اختر، مصدق اسلام، عظمت پرویز، ظہیر عباس، خرم سومرو، خواجہ ندیم، مصطفیٰ رمدے اور ذولفقار ملک شامل ہیں۔