لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کے خلاف کرپشن کا ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ نے جعلسازی سے کروڑوں روپےکی زمین غیر قانونی طور پر اپنے نام ٹرانسفر کروائی، دو شریک ملزمان نائب تحصیلدار افضل سلیانہ اور پٹواری اسلم خان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہےکہ ملزمان نے ضلع جھنگ میں 310 کنال اراضی دھوکے سے ڈاکٹر عظمی کے نام منتقل کی، ملزمان نے ریکارڈ میں ردو بدل کرکے رقبہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کے نام منتقل کیا، ملزمان نے بعد ازاں رقبےکا اصل ریکارڈ ہی غائب کر دیا۔
ترجمان کے مطابق عظمیٰ خان کے نام زمین ٹرانسفر کی دستاویز بھی غائب ہے، اینٹی کرپشن انکوائری میں ڈاکٹر عظمیٰ اور دیگر ملزمان جعلسازی میں ملوث پائےگئے ہیں۔
اینٹی کرپشن فیصل آباد نے ڈاکٹر عظمیٰ اور دیگر 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔