انڈونیشیا نے خام تیل سے لدا ایرانی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

انڈونیشیا نے خام تیل سے لدا ایرانی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق انڈونیشین کوسٹ گارڈ نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک ایرانی آئل ٹینکر کو قبضے میں لیا ہے جس میں 2 لاکھ 73 ہزار ٹن خام تیل موجود ہے۔

انڈونیشین حکام نے کہا ہےکہ یہ تیل بردار جہاز بلا اجازت تیل کسی دوسرے بحری جہاز میں منتقل کرنےکے شبےمیں قبضےمیں لیا گیا ہے۔

انڈونیشین حکام کے مطابق ایرانی جہاز میں موجود تیل کی قیمت تقریباً 30 کروڑ ڈالر ہے۔

انڈونیشین میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہےکہ تیل بردار جہاز کا خودکار نظام جہاز کی موجودگی بحیرہ احمر میں دکھا رہا تھا جب کہ جہاز حقیقت میں انڈونیشیا کی بحری حدود میں تھا، اس سے جہاز کے عملے کی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاز سے خام تیل بھی سمندر میں گرایا گیا جو کہ ہمارے بحری قانون کی خلاف ورزی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جہاز میں مصری کپتان سمیت عملےکے 28 افراد موجود ہیں، ان کے علاوہ 3 مسافر بھی ہیں جو کہ جہاز پر موجود ایک سکیورٹی افسر کے گھر والے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں