بالی وڈ کے معروف ناقد و اداکار کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے بگ باس 13 سے شہرت پانے والی اداکارہ شہناز گل کے نئے گانے پر تبصرہ کیا جس کے بعد انہیں شہناز گل کے فینز کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ ا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شہناز گل اپنے نئے گانے ‘یار کا ستایا ہوا ہے’ میں اداکار نواز الدین صدیقی اور جونی روپڈ کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں جس میں گلوکار بی پراک بھی موجود ہیں۔
تاہم کے آر کے کو شہناز گل اور نوازالدین صدیقی کی کیمیسٹری پسند نہیں آئی، انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور لکھا کہ آج میں نے شہناز اور نواز الدین کا گانا دیکھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کمال راشد خان نے گانے کو خطر ناک قرار دیتے ہوئے لکھا کہ نوازالدین ڈانس کررہا ہے اور شہناز بیچاری اداکارہ کم چھچھوری زیادہ لگتی ہے، یہ لڑکی اداکاری نہیں جانتی۔
کے آر کے کے اس تبصرے کے بعد شہناز گل کے مداحوں کی جانب سے اداکار کو بری طرح تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد کے آر کے کی جانب سے 9 جولائی کو کی گئی ٹوئٹ ہی ڈیلیٹ کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہناز اور نوازالدین کا گانا یوٹیوب پر نمبر 1 پر ٹرینڈ کررہا ہے اور اس ویڈیو کو ایک ہفتے میں 27 ملین ویوز بھی مل چکے ہیں۔