ٹوئٹر پر صارفین کے لیے آمدنی کا حصول آسان ہوگیا

اگر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کافی سرگرم ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب آپ اس سے آمدنی بھی کما سکتے ہیں۔

ایلون مسک کی زیرملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے صارفین کو کمانے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے monetization پروگرام کو توسیع دی جا رہی ہے۔

اس پلیٹ فارم پر صارفین کو ایڈ ریونیو شیئرنگ اور کریٹیر سبسکرپشنز کے ذریعے کمانے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

اشتہارات سے آمدنی کے پروگرام کا حصہ بننے کے لیے صارفین کو مخصوص شرائط پورا کرنا ہوں گی۔
سب سے پہلی شرط تو ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن پروگرام کا حصہ بننا ہے یا وہ اکاؤنٹ کسی ویریفائیڈ آرگنائزیشن کا ہو۔

اسی طرح گزشتہ 3 ماہ کے دوران صارف کی پوسٹس کے کم از کم امپریشن یا ویوز 50 لاکھ ہونا ضروری ہے۔

کمپنی کے مطابق اس سے اندازہ ہوگا کہ اہل صارفین پلیٹ فارم پر کافی سرگرم ہیں، جس کے بعد وہ اشتہارات سے آمدنی حاصل کر سکیں گے۔

ان افراد کی شناخت کی تصدیق بھی کمپنی کے جانب سے کی جائے گی، جبکہ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ صارف کی جانب سے پلیٹ فارم کے اخلاقی اصولوں کی گائیڈلائنز پر کتنا عمل کیا گیا۔

کریٹیر سبسکرپشنز کے لیے بھی مخصوص شرائط پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔

اس پروگرام کے لیے صارف کی کم از کم عمر 18 سال رکھی گئی ہے جبکہ پروفائل کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ تصدیق شدہ ای میل کو بھی اس کا حصہ بنانا ہوگا۔

اس پروگرام میں شمولیت کے لیے 2 فیکٹر authentication کو ان ایبل کرنا ہوگا جبکہ کمپنی کی جانب سے یہ بھی دیکھا جائے گا کہ صارف نے ٹوئٹر کے یوزر ایگریمنٹ کی خلاف ورزیاں تو نہیں کیں۔

صارف کے اکاؤنٹ کے کم از کم 500 فالوورز ہونا بھی ضروری ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں