اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی (نیپرا) نے عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) کے معاہدے کی شرائط پر مکمل عملدر آمد کرتے ہوئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔
نیپرا کی سفارشات پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظور کیے جانے پر بجلی صارفین پر نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
دوسری جانب جنگ اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق بجلی پیک آورز کے دورانیے میں 2 گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیک آورز شام 6 تا 10کی بجائے 5 سے 11بجے رات تک مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ تھری فیز میٹر پیک آورز کے بل میں صارفین کو اب34روپے کی بجائے 50 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔
نئے بلوں کی قیمتیں (بغیر ٹیکس اور اضافی چارجز کے)
نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کا بنیادی ٹیرف 13.4 روپے فی یونٹ سے بڑھ کر 18.36 روپے فی یونٹ ہو جائے گا جس کے بعد صارفین کا بل بڑھ کر 1836 روپے آئے گا۔
200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کا بل ماہانہ بل 3700 روپے سے بڑھ کر 4700 روپے ہو جائے گا کیونکہ ان کا بنیادی ٹیرف 23.91 فی یونٹ ہوگا۔
300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل 6000 سے 8000 روپے کے درمیان ہوگا جب کہ 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کے بل 12300 روپے تک جائے گا۔
اس کے علاوہ 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کے بل 13000 سے 16000 روپے کے درمیان آئے گا۔