معروف ڈائریکٹر کرسٹوفر نولان اپنے پاس اسمارٹ فون کیوں نہیں رکھتے؟

انٹرسٹیلر، انسیپشن اور ٹینیٹ جیسی سائنس فکشن فلمیں بنانے والے ڈائریکٹر کرسٹوفر نولان ذاتی زندگی میں موبائل فون استعمال کرنا پسند نہیں کرتے۔

جی ہاں واقعی 52 سالہ کرسٹوفر نولان اپنے کیرئیر کے دوران انتہائی زبردست سائنس فکشن فلمیں پیش کرکے شہرت حاصل کرنے میں کامیاب رہے، مگر وہ ذاتی زندگی میں موبائل فون اپنے ساتھ نہیں رکھتے۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے اس وضاحت کی کہ وہ اپنے پاس اسمارٹ فون کیوں نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ ‘اسمارٹ فون توجہ بھٹکاتے ہیں، اگر میں اپنے اسکرپٹ خود تحریر کرتا ہوں اور مواد تیار کرتا ہوں تو پورا دن ایک اسمارٹ فون اپنے پاس رکھنا میرے لیے مفید نہیں’۔

اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اپنی فلموں کے اسکرپٹ ایک ایسے کمپیوٹر پر تحریر کرتے ہیں جس پر انٹرنیٹ کنکشن بھی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘میرے بچے ممکنہ طور پر مجھے نئی ٹیکنالوجی کا مخالف قرار دیں گے’۔

رپورٹ کے مطابق انہیں ای میلز کا استعمال بھی پسند نہیں اور یہ کام ان کے اسسٹنٹ کرتے ہیں۔

یہاں تک کہ ایک اداکار کو فلم کا اسکرپٹ ای میل کرنے کی بجائے وہ خود آئرلینڈ گئے تاکہ اس اداکار کو اسکرپٹ حوالے کر سکیں۔

کرسٹوفر نولان نے کہا کہ ‘لوگ کہتے ہیں کہ آپ اپنا کام اتنے خفیہ انداز سے کیوں کرتے ہیں؟ تو یہ خفیہ رکھنا نہیں بلکہ پرائیویسی کا خیال رکھنا ہے’۔

2020 میں ڈائریکٹر نے ایک انٹرویو کے دوان بتایا تھا کہ ‘میری توجہ آسانی سے بھٹک جاتی ہے تو میں ہر وقت انٹرنیٹ تک رسائی نہیں چاہتا، لوگ اب اپنا وقت آن لائن گزارتے ہیں جبکہ میں ان لمحات کو سوچنے کے لیے استعمال کرتا ہوں، تو یہ میرے لیے فائدہ مند ہے’۔

خیال رہے کہ کرسٹوفر نولان کی نئی فلم اوپن ہیمر 21 جولائی کو ریلیز ہو رہی ہے۔

اس فلم میں جے رابرٹ اوپن ہیمر کا کردار اداکار Cillian Murphy نے ادا کیا ہے۔

یہ فلم ایک کتاب پر مبنی ہے جس میں دنیا کا پہلا ایٹم بم تیار کرنے والے سائنسدانوں کی ٹیم کے سربراہ جے رابرٹ اوپن ہیمر کی داستان بیان کی گئی ہے۔

کرسٹوفر نولان نے اسکرین پلے تحریر کیا ہے جبکہ فلم میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، میٹ ڈیمن، ریمی ملک اور متعدد معروف نام بھی جلوہ گر ہوں گے۔

اس سے قبل کرسٹوفر نولان کی آخری فلم ٹینیٹ 2020 میں ریلیز ہوئی تھی جو ایک اسپائی تھرلر سائنس فکشن فلم تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں